وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام شہید قائد عارف حسین الحسینی کی 34ویں برسی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے ملک کی اہم مذہبی ، سیاسی و سماجی شخصیات کو مدعو کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کے قیادت میں مرکزی عہدیداروں پر مشتمل وفد نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی، سابق وفاقی وزیر زلفی بخاری،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ ، وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی ساجد طوری ،ملی یکجہتی کونسل کے رہنما ڈاکٹر ثاقب اکبر،ایمز سکول اینڈ کالج کے سربراہ امتیاز حسین رضوی ،سابق ڈپٹی میئر سید ذیشان نقوی، نامور عالم دین مولانا افتخار الدین مرزااورانجمن جانثاران اہلبیت ؑ کے رکن زاہد حسین جعفری سمیت مختلف مکاتب فکرکے علما اور رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں اور انہیں شہید قائد کی برسی میں شرکت کی دعوت دی۔
سید ناصر شیرازی نے کہا کہ شہید قائد محض ایک شخصیت کانام نہیں بلکہ ایک عہد ایک فکر اور ایک نظریے کا نام ہے۔ یہ اس فکرکا نام ہے جو امت مسلمہ کو جوڑتی ہے۔یہ ایک آزاد و خود مختار ریاست کا وہ نظریہ ہے جو قیام پاکستان کا محرک بنا۔ شہید قائد کربلا کے حقیقی پیروکار ، اسلام کے حقیقی مجاہد اور جذبہ حب الوطنی سے لبریز تھے۔انہوں نےمدعوین سے کہا کہ شہید قائد کی برسی میں آپ کی شرکت شہید قائد سے دلی وابستگی کا اظہار ہو گی۔