وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے سندھ میں تیزی سے پھیلتے ہوئے لسانی فسادات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ملک کی سالمیت و بقا کے لیےسنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پشتون تاجروں اور مقامی شہریوں کے درمیان لسانی بنیادوں پر ہونے والے لڑائی جھگڑوں کے واقعات کے محرکات پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔امریکہ ،اسرائیل اور بھارت پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے نت نئے شیطانی حربے اختیار کرنے میں مصروف ہیں۔پاکستان میں موجود اآلہ کاروں کے ذریعے دشمن اس ملک کے استحکام کو تباہ کرنا چاہتا ہے ۔ریاستی ادارے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی شخص کو زبان ،صوبے یا مذہب و مسلک کی بنیاد پر قانون ہاتھ میں لینے کی قطعاََ اجازت نہ دی جائے۔پاکستان میں بسنے والے تمام شہری مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ ہماری شناخت لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ ہم سب پاکستانی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لسانی و مذہبی تعصبات زہر قاتل ہیں۔ اس زہر کو پھیلنے سے پہلے ہی ختم کر دینا سب کے حق میں بہتر ہے۔