وحدت نیوز(کوئٹہ) مدرسہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کوئٹہ کے زیراہتمام عید غدیر کی مناسبت سے خواہران کے لئے علمی نشست منعقد ہوئی۔ علمی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ واقعہ غدیر تاریخ اسلام کا ناقابل انکار واقعہ ہے جسے ناصبی ذھنیت نے مٹانے کی سرتوڑ کوشش کی مگر آج بھی حدیث غدیر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ جسے تمام عالم اسلام ایک مسلم حقیقت کے طور پر قبول کرتا ہے۔ اھل سنت کے جید علماء نے ہر دور میں حدیث غدیر کو بیان کیا اور مولا علی علیہ السلام کی ولایت اور امامت کا اقرار کرتے ہوئے ناصبی دشمنان اھل بیت کی سازش کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ دین اسلام نظام ولایت و امامت کے بغیر نامکمل ہے اسی لئے اعلان ولایت کے موقع پر تکمیل دین کی آیت کریمہ نازل ہوئی اور دین کامل ہوا۔ نظام ولایتِ و امامت اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا نظام ہے جو باطل خودساختہ طاغوتی نظاموں کے مقابل ہر دور کے انسان کی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ولایت فقیہ نظام ولایتِ و امامت کا تسلسل ہے جو اعلان غدیر اور اھل بیت علیھم السلام کی پاکیزہ تعلیمات سے لیا گیا ہے۔ ولایت فقیہ مجتہد کی حکومت نہیں بلکہ فقہ اور دین کی حکومت ہے۔ اسی لئے رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا تھا کہ ولایت فقیہ ڈکٹیٹر شپ نہیں بلکہ ڈکٹیٹر شپ کے سدباب کا بہترین ذریعہ ہے۔ جو انسان ہوائے نفس کا غلام ہو اسے انسانوں پر حکومت کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ ولی فقیہ خدا کے عبد صالح کی حیثیت سے احکام الٰہی کو نافذ کرتا ہے اپنے ذاتی احکامات کو نہیں۔ آج نظام ولایتِ و امامت کی خوشبو اور روشنی پوری دنیا میں پھیل چکی ہے۔