مرکزی رہنما ایم ڈبلیوایم علامہ مقصود ڈومکی کی آئی جی بلوچستان عبد الخالق شیخ سے ملاقات ، محرم الحرام کی سکیورٹی پر گفتگو

22 July 2022

وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء اور مرکزی سربراہ عزاداری کونسل علامہ مقصود علی ڈومکی نے آج ایک وفد کے ہمراہ آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی نائب صدور و اراکین صوبائی عزاداری کونسل علامہ شیخ ولایت حسین جعفری اور آغا سہیل اکبر شیرازی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے جناب عبدالخالق شیخ کی بطور آئی جی پولیس بلوچستان تعیناتی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی عظیم قربانی کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں ذکر حسین علیہ السلام، عزاداری، مجالس اور جلوس عزاء عبادت کا درجہ رکھتے ہیں۔ پولیس اور انتظامیہ عزاداروں کی سکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کرے۔ مجلس وحدت مسلمین کی عزاداری کونسل، وحدت یوتھ اور ہمارے رضا کار قیام امن کے سلسلے میں پولیس اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے۔ ہمیں امید کہ پولیس اور انتظامیہ بھی ایام عزاء کے دوران عزاداروں اور بانیان مجالس سے مکمل تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ محرم اور صفر کے دوران مجالس عزاء اور عزاداری کے حوالے سے خواتین کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوتے ہیں۔ جن کی سکیورٹی کے لئے لیڈیز پولیس کو تعینات کیا جائے اور اس سلسلے میں خواتین رضاکاروں کی خدمات لی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات گرمی اور سردی میں سورج کے غروب میں دو سے ڈھائی گھنٹے کا فرق ہوتا ہے۔ جس کا اثر مجالس عزاء اور جلوس عزاء کے اوقات پر بھی پڑتا ہے۔ لہٰذا پولیس انتظامیہ اور ایف سی کو ان اوقات کے سلسلے میں بانیان مجالس عزاء و جلوس اورعزاداری کونسل کے اکابرین سے تعاون کی تاکید کی جائے۔

اس موقع پر انہوں نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں عزاداروں کو در پیش مشکلات اور رکاؤٹوں کے حوالے سے آئی جی پولیس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا کہ پولیس قیام امن کے سلسلے میں سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔ پولیس اور عوام کا باہمی تعاون صوبے میں قیام امن کی ضمانت ہے۔ محرم الحرام اور چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر پولیس اور عزاداروں و بانیان مجالس کے درمیان باہمی تعاون کی فضاء ہوگی۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے آئی جی صاحب کو اپنی تحریر کردہ کتاب (حدیث غدیر اہل سنت کی معتبر کتب احادیث کی روشنی میں) کا تحفہ پیش کیا۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree