وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام قومی مرکز شاہ جمال لاہور میں "عزاداری کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی جبکہ آئمہ جمعہ جماعت، علمائے کرام، ذاکرین عظام سمیت عمائدین ملت کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ عزاداری ہمارا آئینی، قانونی اور مذہبی حق ہے، جس سےکسی طور بھی دستبردار نہیں ہوں گے، عزاداری کی راہ میں واقعہ کربلا کے بعد سے روڑے اٹکائے جا رہے ہیں، لیکن یہ وہ دریا ہے جو اپنی موج میں بہتا ہی رہتا ہے اور بہتا ہی رہے گا، اس کا راستہ ماضی میں کوئی روک سکا اور نہ مستقبل میں اس کی راہ کوئی روک سکے گا، کئی یزید آئے اور چلے گئے عزاداری قائم ہے اور قائم رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قانون ہمیں مکمل مذہبی آزادی دیتا ہے، چند مٹھی بھر تکفیری کو تنہائی کا شکار ہو چکےہیں، وہ عزاداری کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنے کی مذموم کوششیں کرتے رہتے ہیں، مگر ہم ان یزیدی گماشتوں سمیت حکمرانوں پر بھی واضح کرنا چاہتےہیں کہ عزاداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ دشمنانِ امام حسین عزاداری کے انعقاد پر مقدمات درج کروا دیتے ہیں، اس حوالے سے بھی ہم نے حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ ماضی میں درج کئے گئے ایسے تمام بے بنیاد مقدمات خارج کئے جائیں اور نئے مقدمات کے اندراج کی بھی حوصلہ شکنی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی جی پولیس پر واضح کرتے ہیں کہ پولیس کو ایسے اقدامات سے باز رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ محرم الحرام نواسہ رسول کی یاد منانے کا مہینہ ہے، لیکن افسوس کہ اس مہینے میں امن و امان کا خطرہ پیدا ہو جاتا ہے، کیا کوئی یہ سوال پوچھ سکتا ہے کہ ان شرپسندوں کو نواسہ رسول سے دشمنی کیا ہے۔ انہیں علم کے لہرانے اور ذوالجناح کی شبیہہ سے تکلیف پہنچتی ہے تو اس پر امام خمینیؒ کا قوم صادق آتا ہے کہ ماتم میں ہمارے سینوں پر پڑنے والے ہاتھ دراصل یزیدیت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔
علامہ راجہ عباس کا کہنا تھا کہ عزاداری ہمارا قانونی و آئینی حق ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ حکومت کی طے شدہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے عزاداری کے مراسم کو ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اور پنجاب حکومت عزاداروں کی سکیورٹی اور مجالس عزاء و جلوس ہائے عزاء کے انعقاد میں عزاداران امام عالی مقام کیساتھ بھرپور تعاون کرے، صوبائی سیکرٹریٹ میں قائم کنٹرول روم سے پنجاب بھر کے اضلاع سے رابطے میں رہیں گے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں انتظامیہ کیساتھ مل کر اس کا سدباب کرنے کی کوشش کریں گے، لیکن عزاداری جو ہمارا بنیادی آئینی و قانونی حق ہے اس پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہماری یہ عبادت ہے اور ہم اس میں کسی بھی قسم کے خلل کو بنیادی آئینی حقوق سے متصادم سمجھتے ہوئے مسترد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت معصومینؑ پر عمل کرتے ہوئے ہمیں باہمی وحدت اخوت اور امن و محبت کی فضا کر برقرار رکھنا ہے تاکہ دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔