وحدت نیوز(جیکب آباد)مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع جیکب آباد کے زیر اہتمام عشرہ محرم الحرام کی مبلغات خواہران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی اور عزاداری کونسل کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عزاداری اور مجلس عزا دین اسلام اور قرآن کریم کی تعلیمات بیان کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں کیونکہ امام حسین علیہ السلام کا قیام قرآن کریم کی عملی تفسیر ہے وارث قرآن امام حسین عالی مقام علیہ السلام نے اپنے قیام کے ہر مرحلے پر قرآن کریم کی آیات کریمہ کی تلاوت فرمائی اور آیات قرآنی سے استناد کیا۔
انہوں نے کہا کہ علماء خطباء و ذاکرین اپنی مجالس عزا کے ذریعے عوام میں دین سے آگاہی شعور حق و صداقت کے لئے قیام اور پیغام کربلا سے آشنائی اور عصر حاضر کی کربلا میں حسینی کردار اپنانے کی تلقین کریں۔ کربلا کا پیغام حق کی راہ میں فداکاری اور دین اسلام کی بقاء اور سربلندی کے لئے جدوجہد ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری ملت متحد ہو کر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرے جو عزاداری کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔ عزاداروں کے خلاف مقدمات اور ایف آئی آرز کسی صورت قبول نہیں۔ حکومت عزاداری کے انعقاد کے حوالے سے مکمل تعاون کرے۔اس موقع پر مدرسہ خدیجہ الکبریٰ ع جیکب آباد کی پرنسپل رقیہ سلطانہ نے محرم الحرام کی مجالس اور تبلیغی پروگرامز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔