وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم و عزاداری کونسل کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا چاند دیکھتے ہی پوری پاکستانی قوم غم و اندوہ میں ڈوبی ہوئی ہے اور خاندان رسالت کے اجڑنے کے غم میں ہر شہر گلی اور گھر سے ماتم اور گریہ کی آوازیں بلند ہو رہی ہیں ایسے میں وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہوئے محرم الحرام کے آغاز کی مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم بتانا پسند کریں گے کہ خاندان رسالت کے اجڑنے کی مبارکباد وہ کس کو پیش کر رہے ہیں۔ کیونکہ پاکستان میں بسنے والے شیعہ اور سنی مسلمان تو حالت سوگ میں ہیں۔ مگر پاکستان میں بسنے والے ہندو سکھ اور مسیحی سبھی کریم کربلا کا غم مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اگر خاندان رسالت کے اجڑنے پر تعزیتی اور تسلیتی پیغام جاری نہیں کر سکتے تو ان کی مبارکباد کی بھی قوم کو کوئی ضرورت نہیں ہے۔ وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ خاندان رسالت کے اجڑنے پر حضرت سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں تعزیت پیش کریں اور مبارکبادی پر مشتمل اپنا مجرمانہ پیغام فی الفور واپس لیں۔ ورنہ روز قیامت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ اس لئے آج رسول اور آل رسول سمیت پوری امت سوگوار ہے۔ قربان ان پر کہ جس نے نانا کے دین کی بقاء کے لئے اپنا سب کچھ لٹا دیا۔ یا رسول اللہ خاندان رسالت کے اجڑنے کی تعزیت قبول کیجئے۔