وحدت نیوز(شکارپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورہ جات کیے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان میں انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ بعدازاں انہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ ڈی جی خان کے علاقہ چوٹی زریں اور ٹھٹہ گبولاں کا دورہ کیا، جہاں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان میں نقدی تقسیم کی۔ ناصر عباس شیرازی سیلاب سے متاثرہ صوبہ بلوچستان کے علاقوں ڈیرہ اللہ یار اور ڈیرہ مراد جمالی بھی پہنچے، جہاں متاثرین سیلاب میں غذائی سامان تقسیم کیا گیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی جنرل سیکرٹری سندھ کے دورہ پر پہنچے، جہاں سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں سیلاب سے متاثرہ متعدد دیہات کا دورہ کیا۔ ناصر عباس شیرازی اپنی ٹیم کے ہمراہ 16 روز سے پانی میں گھرے ضلع خیر پور میرس کے گاؤں جھنگو پہنچے، جہاں متاثرین میں راشن اور نقد رقوم کی صورت میں ہدیہ جات کی فراہمی کی گئی۔
انہوں نے شکار پور کے گوٹھ شیر علی جتوئی کا دورہ بھی کیا اور متاثرین سیلاب سے مرکزی جامعہ مسجد میں ملاقات کی۔ بعد ازاں سیلاب سے متاثرہ مکانات، فصلوں اور عمارتوں کا جائزہ لیا۔ ناصر عباس شیرازی چک سٹی شکار پور میں مقامی محنت کش کے جواں سال بیٹے کی چھت گرنے سے وفات پر تعزیت کیلئے مرحوم کے گھر گئے، جہاں مرحوم کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین سے تعزیت کی۔ ناصر عباس شیرازی نے تنظیمی وفد کے ہمراہ بارشوں کے نتیجہ میں اپنے 5 بہن، بھائیوں اور ماں سے محروم ہوجانے والے ننھے بچے رضا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر رضا کی تعلیمی ذمہ داری اور مکان کی تعمیر کا ذمہ بھی ایم ڈبلیو ایم نے اپنے ذمہ لے لیا۔ ناصر عباس شیرازی نے شکارپور میں پریس کانفرنس بھی کی۔ ناصر عباس شیرازی نے جیکب آباد کے سیلاب زرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا، اور متاثرین سے ملاقات کی۔