وحدت نیوز(کندھ کوٹ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کندھ کوٹ پہنچ کر ایم ڈبلیو ایم ضلع کشمور کے صدر میر فائق علی جکھرانی اور تنظیمی رہنماؤں و اراکین کے ہمراہ متاثرین سیلاب کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر متاثرین سیلاب نے اپنی مشکلات اور مشکل صورت حال سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تین ھفتے گذر جانے کے باوجود رہائشی علاقوں اور محلوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہے۔ لوگوں کے گھر ابھی تک سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں۔حکومت رہائشی علاقوں سے سیلابی پانی کے جلد اخراج کو یقینی بنانے تاکہ گھروں سے دربدر متاثرین اپنے گھروں کو جلد لوٹ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی امداد مستحقِ متاثرین کی بجائے منتخب نمائندوں اور وزراء کو مل رہی ہے جن کے ذریعے با اثر افراد میں بندر بانٹ اور اقرباء پروری ہو رہی ہے۔ حکومت امدادی رقم ٹینٹ اور راشن کو با اثر لوگوں کی بجائے مستحق متاثرین میں تقسیم کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ سیلابی پانی کے باعث مچھروں کی بہتات ہے لہذا متاثرین میں مچھر دانیاں فراہم کی جائیں۔ متاثرین میں بیماریوں کی روک تھام کے لئے موبائل میڈیکل کیمپس کا اہتمام ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین معاشرے کے مظلوم اور محروم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے جو غریبوں کے دکھ درد کو سمجھتی ہے اور محدود وسائل کے باوجود مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔