وحدت نیوز(جعفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے سیلاب سے متاثرہ محلوں اور دیہاتوں کا دورہ کیا اور ان متاثرین سیلاب جن کے گھر بارش اور سیلاب میں گر گئے تھے انہیں ٹینٹ خیمے دیئے۔ اس سلسلے میں گوٹھ بشام خان لہر تحصیل جھٹ پٹ ضلع جعفر آباد گوٹھ دریا خان جکھرانی گوٹھ امیر بخش سولنگی المرتضی کالونی اور جیکب آباد سٹی کے مختلف محلوں میں متاثرین سے ملاقات کرکے انہیں خیمے پہنچائے گئے۔ اس موقع پر مولانا ارشاد علی سولنگی مولانا صدر الدین میکھو برادر اللہ بخش میرالی محسن علی لغاری امداد حسین ڈومکی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جن کے گھر سیلاب سے گر گئے ہیں ان کے لئے خیمے ضروری ہیں جو ان کے لئے گرمی دھوپ سے حفاظت کا سبب ہیں۔ اس وقت متاثرہ علاقوں میں کاروبار زندگی معطل ہے دھاڑی دار مزدور کام پر جاتے ہیں پر کام نہیں ملتا جبکہ کسانوں کی فصلیں تباہ ہو چکی ہیں لہذا لوگوں کے پاس اپنے بچوں کو کھلانے کے لئے کچھ نہیں۔ اگر اھل خیر آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد نا کرتے تو ایک بہت بڑا سانحہ رونما ہوتا۔انہوں نے کہا کہ تین ہفتوں سے روزانہ اھل محلہ ڈی سی آفس میونسپل کمیٹی کا چکر لگا رہے ہیں مگر ابھی تک نکاسی آب کی مشین نہیں دی گئی شہر کے کئی محلوں میں اب بھی چار سے چھ فٹ تک پانی کھڑا ہے جو گھروں اور دیواروں کی کمزوری و بربادی اور بیماری کا سبب بن رہا ہے۔