وحدت نیوز(دادو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے آج ضلع دادو کے سیلاب متاثرہ گاؤں کھوسہ جوہی برانچ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم دادو کے ضلعی نائب صدر اصغر علی حسینی، نائب صدر مولانا عبداللطیف گوپانگ، یونٹ صدر اور دیگر کارکنان بھی انکے ہمراہ تھے۔
انہوں نے اس موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور ارباب اقتدار عوامی مسائل، غربت و افلاس سے بے نیاز ہو کر اقتدار کی جنگ میں مصروف ہیں اور آئی ایم ایف کے پریشر میں آکر ہر روز پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ آئے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی کا طوفان آیا ہے۔ کمرتوڑ مہنگائی کے سبب لوگوں کیلئے دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین غریب اور محروم طبقات کی نمائندہ جماعت ہے۔ جو غریبوں کے درد کو محسوس کرتی ہے۔ وہ سیاستدان اور حکمران غریب کے درد کو نہیں سمجھ سکتے جو منہ میں سونے کا چمچ لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع دادو اور تحصیل خیرپور ناتھن شاہ تباہی اور بربادی کی تصویر پیش کر رہا ہے۔ مگر یہاں تعمیر نو کے سلسلے میں اب تک حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ اس محروم علاقے میں تعمیر نو کے سلسلے میں تعاون کریں۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایم ڈبلیو ایم یونٹس کی لائبریری کے لئے کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔