وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ زمان پارک عمران خان کے گھر پر سیاسی انتقامی آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آج لاہور میں عدالتی احکامات کے باوجود جس طرح پنجاب پولیس نے یلغار کرتے ہوئے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ہے انتہائی افسوس ناک ہے، پیٹھ پیچھے کسی کے گھر پر چڑھ دوڑنا بزدلانہ اور باعث شرم اقدام ہے، پولیس کی جانب سے اب بے بنیاد الزامات لگا کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلا جواز کارکنوں کی گرفتاری اور لاٹھی چارج خلاف قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ہے۔ اقتدار کے نشے میں مست حکمرانوں کا عبرتناک انجام نوشتہُ دیوار ہے، بے ڈھنگے اداکاروں کا یہ اسٹیج ڈرامہ ختم ہونے کو ہے، عوام کےحق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا مقدر رسوائی اور ناکامی کےسوا کچھ نہیں۔ آزادی کی جنگ لڑنے والے بہادروں پر سلام یہ دراصل عوامی امنگوں اور آرزوؤں کی جدوجہد ہے جس کے حصول کے لیے جہد مسلسل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے خلاف ایسے اقدامات کر رہے ہیں کہ ان کے ہوتے ہوئے قوم کو دشمن کی ضرورت نہیں، طاقت کے نشے میں بدمست یہ اشرافیہ عوامی شعور اور بیداری سے خوفزدہ ہے۔انشاءاللہ فتح عوامی جدوجہد کی ہوگی رسوائی ان ظالموں کا مقدر ٹھہرے گی۔