وحدت نیوز(اسلام آباد ) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 90 روز کے اندر الیکشن نہ کروانا آئین پاکستان اور سپریم کورٹ کے حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، اس سنگین جرم کا ارتکاب اتحادی جماعتوں نے صرف اور صرف اپنے ذاتی مفادات کو دوام بخشنے کے لئے کیا گیا ہے، الیکشن سے فرار دراصل پاکستان کی سالمیت سے کھیلنے کے مترادف ہے، پی ڈی ایم اور ان کے سہولت کار ملک وقوم کو ایک خطرناک بحران کی طرف دھکیل چکے ہیں،جس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے افسوس ہم نے ماضی کی کوتاہیوں اور غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا۔
انہوں نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر آئین شکنی کے مرتکب اور بے حسی میں مبتلا یہ حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کی دھن میں مگن ہیں، ناعاقبت اندیش حکمران 1971ء جیسے ماضی کے اندوہناک سانحے اور واقعات سے سبق سیکھنے کی بجائے، پھر سے ملک میں کوئی خونی کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، ملک کو مزید کسی بحرانی کیفیت میں مبتلا کرنے کے خبط میں مبتلا کم ظرف عناصر اپنے ناپاک عزائم میں ناکام و نامراد ٹھہریں گے، باشعور عوام مادر وطن کو اب کسی کے ذاتی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دے گی اور نہ ہی ہمارا ملک ایسے کسی بے ہودہ کھیل تماشے کا متحمل ہو سکتا ہے۔