عید الفطر رب کریم کی طرف سے امت مسلمہ کے لیے انعام ہے،نیک اعمال کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا شکر بجا لائیں،علامہ راجہ ناصرعباس

22 April 2023

وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر عالم اسلام اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید سعید کے مقدس ترین موقع پر غرباءو مساکین بالخصوص شہدائے پاکستان کے یتیموں کو یاد رکھیں، عید الفطر رب کریم کی طرف سے امت مسلمہ کے لیے انعام ہے۔ نیک اعمال کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا شکر بجا لائیں۔ ملک بھر میں ماہ رمضان المبارک کے ایام، اجتماعات اور یوم علی علیہ السلام کا پر امن انعقاد لائق تحسین ہے۔ ہم تب ہی عید منانے کے صحیح حقدار اور سزاوار ہو سکتے ہیں جب ہمارے معاشروں سے سماجی جرائم،برائیوں اور تنگدستی کا خاتمہ ہو جائے۔ مظلوم اور محروم طبقات کو حقوق مل جائیں، معاشرے میں عدل پر مبنی نظام، اسلامی اقدار اور امن و امان کا دور دورہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ صاحبِ ثروت افراد کا فطرانہ اور زکوٰۃ سے سفید پوش اور مستحق طبقہ کی مالی امداد کرنا خوشنودی خدا کا باعث ہے، ماہ رمضان کے مقدس مہینے میں مستحقین اور ضرورت مندوں کی داد رسی کرنا افضل ترین عمل ہے۔ پاکستان کے غریب عوام معاشی بدحالی کا شکار ہیں، حالیہ معاشی بحران میں عید کی خوشیوں میں مستحقین اور پریشان حال بھائیوں کا بطور خاص خیال رکھیں، موجودہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں اور ہوشربا مہنگائی کی بدولت غریب عوام کے لیے عید کی خوشیاں ماند پڑ گئی ہیں لہذا احترام انسانیت اور ہمدردی کا تقاضا ہے کہ جائز وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کے مفلوک الحال لوگوں کو تکلیف، محرومی اور دکھوں سے نجات دلائی جائے، ضرورت مندوں اور پسے ہوئے افراد کو نظر انداز نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ عید کا دن ہمیں اتحاد جیسے عظیم قرآنی فریضے کی طرف بھی متوجہ کرتا ہے، جس دن سارے مسلمان بلا تفریق قوم ومسلک عید کی خوشیاں مناتے اور ایک دوسرے کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ یہ موقع وحدت امت مسلمہ کا ایک عظیم مظہر ہے۔ درحقیقت عید کے موقع پر وہ لوگ ہی مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو اتحاد جیسےعظیم فریضے کے لئے عملاً پیش کیا ہے، ہم اسلامی طبقات میں اتحاد پیدا کر کے معاشرے کو مسائل و مشکلات سے نجات دلا سکیں،باہمی رنجشوں اور اختلافات کو بھلا کر اخوت ومحبت کے جذبے کو پروان چڑھائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس روز سعید کا تقاضا ہے کہ دوسروں کے چہروں پر مسکراہٹیں لائی جائیں۔عید کا دن اپنی بے پناہ برکتوں اور سعادتوں کی وجہ سے خاص اہمیت کا حامل ہے، عید کے دن ایک خاص جشن مسرت ہوتا ہے، یوم تکمیل رحمت خداوندی اور شکر خدا کا دن ہے، میری دعا ہے کہ خداوند متعال ہم سب کو دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے اور ملک وملت کے وسیع تر مفاد میں خلوص نیت کے ساتھ خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree