وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں ملک کے مقبول ترین عوامی لیڈر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں بسنے والے غیور پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور اس فاشسٹ رجیم اور ان کے سہولت کاروں سے ملک کو حقیقی آزادی دلانے کے لئے اپنی بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں، اس اہم اور فیصلہ کن مرحلے میں جب حکمران اور ان کے سہولت کاروں نے تمام آئینی و قانونی راستے بند کر دیئے ہیں، ایسے میں عوام کو یہ باور کر لینا چاہیے کہ عوامی طاقت سے ہی ملک میں آئین کی پاسداری اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ان وطن دشمنوں کا پیچھا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک وقوم ایک مرتبہ پھر سے مشرقی پاکستان جیسے سانحہ کے متحمل نہیں ہو سکتے، سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتارکر کے عوام کو حقیقی آزادی کی جدوجہد سے روکا نہیں جا سکتا، آئین و قانون شکن امپورٹڈ حکومت کے سہولت کاروں کے ہاتھوں عوامی مقبول سیاسی رہنما کی احاطہ عدالت سے گرفتاری انتہائی شرمناک ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بعض نامرئی قوتیں اپنے آپ کو آئین وقانون سے ماوراء سمجھتی ہیں، ان قوتوں کی ایماء پر آج ہائی کورٹ کی کھلم کھلا توہین کی گئی ہے۔ اس ملک میں عوام کے بنیادی حقوق کی کسی کو پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ عدالتوں کو مذاق بنانے والے عوام کے غیظ وغضب سے نہیں بچ سکیں گے، ایک طرف ملک لوٹنے والوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے، دوسری طرف عوام اور پاکستان کے حقوق کے لئے جدو جہد کرنے والوں پر ظلم و بربریت کی انتہاء ، یہ کسی بھی محب وطن پاکستانی کو قبول نہیں، اعلیٰ عدالتوں کو اس بدمعاشی کا فوری نوٹس لینا چاہیئے، یہ غیر منصفانہ رویہ کسی بھی جمہوری معاشرے میں ناقابل قبول ہے، اس اقدام سے صاف ظاہر ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لیے کوئی بھی سنجیدہ اور مخلص نہیں ہے۔