وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سویڈن میں اسلام کی مقدس کتاب قرآن مجید کی بے حرمتی انتہائی شرمناک ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، عید الاضحیٰ کے موقع پر یہ قبیح حرکت مسلمانوں کے جذبات کو برانگیختہ کرنے کی سوچی سمجھی سازش ہے، آزادی اظہار کی آڑ میں کسی بھی مذہب کے مقدسات کی توہین ناقابل معافی جرم ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جاسکتا، اسلامی مقدسات کی اہانت مغربی ممالک میں تسلسل سے جاری ہے، جسے روکنے کے لیے مسلم اُمہ میں اتحاد وقت کی اشد ضرورت ہے، اگر مسلم دنیا وحدت کے قرآنی اصول پر عمل پیرا ہو جائے تو اس طرح کے عمل بارے کوئی سوچے گا بھی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب کسی بھی صورت میں دوسرے مذاھب کی توہین کی اجازت نہیں دیتا، مہذب قومیں اور معاشرے اس طرح کے واقعات کو کبھی برداشت نہیں کرتے، سویڈن میں پولیس کی موجودگی میں ہونے والی اس گھناؤنی حرکت پر مسلمین جہان کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے، سویڈن حکومت اس عمل پر معافی مانگ اور اس شخص کو قرار واقعی سزا دے، یہ مکروہ اقدام اقوام متحدہ کے بنیادی حقوق کے چارٹر کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، حکومت وقت اس ایشو پر اپنا اصولی موقف واضح کرے، تحفظ حقوق انسانی کے نام نہاد دعوے دار عالمی اداروں اور تنظیموں کی اس عمل پر مجرمانہ خاموشی افسوسناک ہے، عالمی برادری کی دوہرے معیار پر مبنی پالیسی اس طرح کے توہین آمیز عمل کا باعث بن رہی ہے اور اس میں ملوث کرداروں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔