وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علماء مکتب اہلبیتؑ پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ غدیر و عاشورا کانفرنس کا جامعہ الصادق جی نائن اسلام آباد میں انعقاد، کانفرنس میں ملک بھر سے بزرگ و جید علمائے کرام کی کثیر تعداد میں شرکت اور خطاب، کانفرنس میں چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجمع جہانی اہل بیت کے سربراہ آیت اللہ رضا رمضانی دامت برکاتہ اور ملک بھر سے آنے والے علمائے کرام اور مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔
شرکاء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہر وہ شخص جس سے انقلاب کی خوشبو آئے جو خط ولایت پر چلنے والا ہو اور ہمارے رہبر عزیز آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ائ کا دست و بازو ہو وہ ہمارے سر کا تاج ہے، ہم رہبر کبیر حضرت امام خمینی انکے نائب بر حق رہبر معظم سید علی خامنہ ائ اور قائد شہید علامہ عارف الحسینی کے راستے پر جان تو دے سکتے ہیں مگر اسے چھوڑ نہیں سکتے، اس عظمت بھرے اور مفید اجتماع میں آیت رضا رمضانی کی شرکت کا گہرا اثر ہے۔
کانفرنس سے اپنے خصوصی خطاب میں آیت اللہ رضا رمضانی نے کہا کہ میں تمام علمائے کرام اور بالخصوص علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان آیام مبارکہ میں مفید ترین اجتماع کا انعقاد کیا، یہ مبارک ترین دن ہیں فرمان امام جعفر صادق علیہ السلام کے مطابق ولایت امام علی علیہ السلام ولادت امام علی علیہ السلام سے زیادہ مہم ہے، ولایت مولا علی دراصل تحرک اور رابطہ ہے رسالت حضور گرامی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ ملت جعفریہ میں عقیدہ توحید روشن اور واضح ہے، ختم نبوت، ولایت، عاشورہ اور مہدویت ہمارے نصاب کے اہم ترین عنوانات ہیں، ختم نبوت کے حوالے سے وطن عزیز میں ملت تشیع کی خدمات اور کاوشیں روز روشن کی طرح عیاں ہیں، اس کے ثبوت کے لیے ملکی تاریخ میں جب قادیانیت کا مسئلہ زیر بحث آیا تو جہاں علمائے اہلسنت کی خدمات شامل تھیں وہاں ہمارے بزرگ علماء کا کردار بھی اہم تھا۔
کانفرنس سے علامہ سید حسنین عباس گردیزی ،علامہ سید ہاشم موسوی، علامہ جہانزیب علی جعفری علامہ سید ثمر عباس نقوی و دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض علامہ اصغر عسکری اور ڈاکٹر عیسیٰ آمینی نے انجام دیے۔