وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم ولادت باسعادت شبیہ پیغمبرؐ شہزادہ حضرت علی اکبر علیہ السلام کے پر مسرت موقع پر تمام عاشقانِ محمد و آل محمد و حب داروں کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہزادہ علی اکبر ع کی پاکیزہ سیرت و کردار جوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر وہ اپنی زندگی کی حقیقی منزل اور عالی ترین مقاصد کو پا سکتے ہیں، خاندان رسالت و نبوت کا ہر فرد جرآت و جوانمندی، حوصلے اور استقامت کی عظیم مثال ہے، شہزادہ علی اکبر ع کا یہ قول کہ "ہم حق پر ہیں تو پھر اس سے کیا فرق پڑتا ہے کہ ہم موت پرجا پڑیں یا موت ہم پر آ پڑے" رہتی دنیا تک ہر حق پرست بالخصوص نوجوانوں کے لیے بہترین درس ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا کردار کسی بھی معاشرے پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے، جوان ظاہری اور باطنی طور پر ایک ہی کردار کے مالک ہوتے ہیں ان کے دلوں کو کثافتوں سے پاک رکھنے کے لیے جن آئیڈیل اور بہترین معارف و اخلاق کی ضرورت ہے وہ حضرت علی اکبر ع ہیں، جس معاشرے کے نوجوان حق شناس ہوں وہ معاشرہ دنیاوی خوف سے بے نیاز ہو جاتا ہے اور جہاں حق و باطل کی تمیز ختم ہو جائے وہاں ذاتی مفادات اور طاقتور طبقات کا خوف سرائیت کر جاتا ہے۔