وحدت نیوز(چوٹی زیریں)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل چوٹی زیریں کے مختلف یونٹس کا تنظیمی دورہ کیا۔ اس موقع پر چوٹی زیریں امام بارگاہ میں مومنین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ متنازعہ نصاب تعلیم پر پاکستان کے کروڑوں شہریوں کو شدید اعتراضات ہیں۔ آل محمد علیہم السلام کے دشمنوں کو ہیرو بنا کر پیش کرنے والے ناصبی اپنے مذموم ارادوں میں ناکام ہوں گے۔ نصاب تعلیم خصوصاً اسلامیات کا پاکستان کے تمام مسلمہ اسلامی مکاتب فکر کے لئے قابل قبول ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہماری مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ نصابی کتب اہل بیت رسول علیہم السلام کے ذکر کے بغیر ادھوری اور نا مکمل ہیں۔پاکستان کے کروڑوں شیعہ اور سنی عاشقان اھل بیت کبھی بھی دشمنان آل رسول کو مشاہیر اسلام اور سرچشمہ ہدایت ماننے کے لئے تیار نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت 1975 کے متفق علیہ نصاب تعلیم کو تبدیل کر کے ایک نیا تنازعہ کھڑا کیا گیا۔ پاکستان کے کروڑوں شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ملک میں 1975 کے نصاب تعلیم اور اسلامیات کو رائج کیا جائے۔تقریب سے علامہ سید ظفر عباس شمسی اور ضلعی صدر سید اظہر عباس کاظمی نے بھی خطاب کیا۔