وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹرعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سابق وزیر اعظم و بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے شجاع اور باہمت بیٹے عمران خان سے آج ہماری ملاقات ہوئی۔ عمران خان کو بے گناہ قید میں رکھ کر بھی عوام کے دلوں سے یہ لوگ دور نہیں کر سکے۔رجیم چینج میں جو لوگ پاکستان کے عوام پر مسلط کیے گئے وہ آٹھ فروری کا ہارا ہوا لشکر تھے۔ جو مہنگائی اور مشکلات بڑھا کر عوام سے اپنا انتقام لے رہے ہیں،یہ عوام کی نظروں سے گر چکے ہیں۔یہ پاکستان کے عوام کو ، پی ٹی آئی کو پاک فوج سے لڑانے کے لیے نت نئی سازشیں تیار کرنے میں مصروف ہیں۔جوشخص پاکستان ٹوٹنے اور سندھ ، بلوچستان پر قابض ہونے کے خواب دیکھ رہا تھا آج ملک کے اہم عہدے پر قابض ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی لیڈر شپ اور اسٹیبلشمنٹ ہوش کے کے ناخن لیں۔ فوج اور عوام کے درمیان فاصلے پیدا کرنا کسی کے بھی حق میں بہتر نہیں ہے۔اپنے عوام سے لڑائی میں کبھی فتح حاصل نہیں کی جا سکتی۔جو لوگ یہ حربہ استعمال کرنا چاہتے ہیں یہ ہارے ہوئے ہیں اور دوسروں کے کندھے پر رکھ کر اپنا نشانہ لگانا چاہتے ہیں۔ یہ اگر سچے ہوتے تو نو مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو منظرِعام پر لاتے۔پاکستان کے قومی مفاد اور امن و امان کی خاطر جمعہ کے روز گھروں سے نکلیں۔ گلگت بلتستان سے لے کر ملک کے آخری کونے تک سب کو احتجاج میں شریک ہونا ہے۔