وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ غریب لوگ غربت اور افلاس کے سبب خودکشی کر رہے ہیں۔ جبکہ حکمران اشرافیہ کی عیاشی میں کمی آنے کی بجائے آئے روز اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے بلوچستان کنزیومر سوسائٹی کے احتجاجی کیمپ میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ روز افزوں مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور افلاس کی وجہ سے غریب عوام سخت مشکل صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ عالمی اداروں کی مصدقہ رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک کی تقریبا 40 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ جن کے لئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا انتہائی مشکل بن چکا ہے۔ غریب لوگ غربت اور افلاس کے سبب خودکشی کر رہے ہیں۔ جبکہ حکمران اشرافیہ کی عیاشی میں کمی آنے کی بجائے آئے روز اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کے بار بار اعلان کے باوجود حکومت کے شاہانہ اخراجات میں کمی آنے کی بجائے آئے روز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کی حامل نام نہاد جمہوری حکومت کو عوام کی مشکلات سے نہ کوئی ہمدردی ہے اور نہ ہی دلچسپی۔ بلکہ ان کی پوری توجہ کرپشن اور کمیشن پر مرکوز ہے۔ اس موقع پر بلوچستان کنزیومر سوسائٹی کے اراکین خیر محمد اور سید محمد رضا نے علامہ مقصود ڈومکی کو بتایا کہ بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافہ مہنگائی اور افلاس کے سبب غریب لوگوں کی زندگی مصیبت بن گئی ہے۔ اس موقع پر معذور شخص نصیر محمد شہی نے بتایا کہ وہ اور اس کے بچے کئی روز سے بھوکے تھے۔ غربت و افلاس کے سبب اس نے خودکشی کا سوچا، مگر بلوچستان کنزیومر سوسائٹی کے اصرار پر احتجاجی کیمپ لگایا ہے۔