وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان ایک جمہوری سیاسی مذہبی جماعت ہے، جو ایک شفاف جمہوری آئینی طریقہ کار کے مطابق فیصلے کرتی ہے اور شفاف جمہوری انداز سے مرکزی سربراہ کا انتخاب کرتی ہے۔ جس ملک میں کونسلر اور یوسی چیئرمین تک کے لئے اخلاقی اصولوں کو پامال کیا جاتا ہو اور سیاسی جماعتوں میں خاندانی بادشاہت اور موروثی نظام کے سبب داخلی جمہوریت کا فقدان ہو، وہاں مجلس وحدت مسلمین کی 12 سالہ تاریخ ایک ایسی جمہوری جماعت کے طور پر دیکھی جاتی ہے جو اسلامی اصولوں سے مزین ہے۔ لابنگ اپنے امیدوار کے حق میں ورک اور دیگر اخلاقی کمزوریوں سے پاک اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر شفاف انتخابی عمل کے ذریعہ مسلسل چوتھی مرتبہ ایک ملک گیر جماعت کا بھاری اکثریت کے ساتھ سربراہ منتخب ہونا علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے کارکنوں اور قوم کی والہانہ محبت کا آئینہ دار ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری قوم ملک و ملت کا درد رکھنے والے ایک محب وطن شجاع، حق گو اور حق شناس رہنماء کے طور پر عوام کے محبوب رہنماء ہیں۔ جنہیں پاکستان کے عوام خصوصاً ملت جعفریہ نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے علمبردار ایک بہادر انقلابی رہنماء کے طور پر مشکل ترین حالات میں قوم کی درست سمت میں رہنمائی کرتے دیکھا ہے۔ جب وہ عالمی استکباری قوتوں کو بے خوف بن کر للکارتے ہیں تو ہمیں ان کی گفتگو میں قائد شہید کا لہجہ اور ان کے کردار سے شہید قائد کی خوشبو آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے بطور چیئرمین ایم ڈبلیو ایم پاکستان انتخاب پر مجلس وحدت مسلمین کے بہادر کارکنوں، ملت جعفریہ اور پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان شاء اللہ ان کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے بہادر کارکن قائد شہید کے افکار کے مطابق ملک و ملت کی خدمت کریں گے اور مظلوموں کی نصرت اور ظالم استکباری قوتوں سے برسر پیکار رہیں گے۔