وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کہا ہے کہ عزاداری اور میلاد کے جلوس واجبات میں سے ہیں، انہی سے اسلام زندہ ہے۔ اور لوگوں کے اندر دین کی روح بھی انہی سے زندہ ہوتی ہے۔ اس کی مخالفت کسی صورت میں نہیں ہونی چاہیے۔ نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس ویژن کے تحت ملی یکجہتی کونسل بنائی گئی اسی ویژن کے تحت تمام مکاتب فکر کے علماء مل بیٹھیں اور مشترکات پر کام کیا جائے۔
اہل سنت ہمارے بھائی ہیں، ان کے مقدسات کا احترام ہم پر واجب ہے۔ معاشرے میں افتراق کو ہم قرآنی تعلیمات کے خلاف سمجھتے ہیں۔ تیسرا ہاتھ سنی شیعہ کو لڑانا چاہتا ہے۔ راولپنڈی میں ہونے والے فتنے کے آغازکے بارے میں عدالتی کمیشن فیصلہ کرے گا۔ سوشل میڈیا پر اس واقعہ کے حوالہ سے پروپیگنڈا کیا گیا جس کی وجہ سے راولپنڈی میں چھ شیعہ مساجد و امام بارگاہیں جلائی گئیں، جن میں قرآن بھی شہید ہوئے۔ خوش آئند امر ہے کہ راولپنڈی واقعہ میں عزاداروں نے آگ کو بجانے کی کوشش کی اور اسی طرح امام بارگاہوں کو جب آگ لگائی گئی تو ارد گرد کے اہل سنت نے آگ بجائی۔ یہ جھگڑا اور فتنہ شیعہ سنی کا نہیں بلکہ ان فتنہ گروں کا ہے جو نہ دین کے وفادار ہیں اور نہ پاکستان کے۔