وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین نے اپنے حقوق کی جنگ لڑنے کے لئے سیاسی میدان کا انتخاب کیا، ہمارے مذاکرات کار کی گرفتاری پر حکومت کے ساتھ مذاکرات روک دیئے گئے، ہم نے مظلوم کی مدد کرکے وحدت کا ہدف بطریق احسن حاصل کیا۔ مجلس وحدت مسلمین کل بھی علامہ طاہر القادری کی چیف سپورٹر تھی، آج بھی قادری صاحب کے ساتھ ہے۔ دھرنے ضیاءالحق کی باقیات کے خاتمہ تک جاری رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت حسین شیرازی نے پشاور میں مجلس وحدت مسلمین کے پی کے کی مجلس شورٰی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کا صبر اور حوصلہ مثالی ہے جو گولیوں، شیلنگ اور مشکلات کے باوجود اپنے قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ثابت قدم کھڑے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین صوبہ خیبر پختونخوا کی صوبائی مجلس شورٰی کا اہم اجلاس پشاور میں انعقاد پذیر ہوا۔ جس میں تمام اضلاع کے سیکرٹری جنرل، صوبائی کابینہ کے اراکین، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسین الحسینی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ جہانزیب جعفری اور مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت عباس شیرازی نے شرکت کی۔ اس موقع پر اضلاع کے سیکرٹری جنرلز نے گذشتہ سال کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ سید محمد سبطین حسین الحسینی کا کہنا تھا کہ آمدہ سال کو عزاداری اور عصر حاضر کے تقاضوں کا سال قرار دیا جائے گا۔