وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ قائد شہید کی شہادت کی وجہ ان کا پیغام بیداری تھا، بیداری امت کیلئے قائد شہید نے جس راستے کا انتخاب کیا تھا، وہ شہادت پر ہی انسان کو فائز کرتا ہے، جو قوتیں استدال اور دلیل سے عاری ہوجاتی ہیں تو وہ ایسی شخصیت کو خطرہ محسوس کرتے ہوئے راستے سے ہٹا دیتی ہیں۔ علامہ عارف حسین پاکستان کے غیور عوام کو حقیقی پیغام کے ذریعے بیدار کر رہے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی 27ویں برسی کی مناسبت سے ’’بیداری امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے جان بوجھ کر قاتل پالے، جس کے باعث پاکستان کو آج یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں، ہزاروں افراد کی شہادت کی وجہ انہی قاتلوں کو پالنا بنی ہے۔ علامہ شہیدی کا کہنا تھا کہ عراق، شام اور تیونس سمیت دیگر ممالک میں تکفیریت کو جان بوجھ کر پروان چڑھایا گیا۔ عالمی اسکتبار نے مسلمانوں کے وسائل پر قبضے کیلئے لاکھوں لوگ شہید کر دیئے۔ جہادیوں کو مسلمانوں کیخلاف الجھایا گیا اور انہیں استعمال کیا گیا، انہیں پتہ ہی نہیں چلا کہ وہ استعمال ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ عارف کا پیغام ظالموں کیخلاف قیام تھا، یہی وجہ بنی کہ ہمارے محبوب قائد کو ہم سے چھین لیا گیا، ان کی فکر اور افکار پر عمل کرکے ہی ہم پاکستان اور ملت مظلوم کے حالات بدل سکتے ہیں۔