وحدت نیوز(مشہد مقدس) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و رکن اسلامی نظریاتی کونسل علامہ محمد امین شہیدی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کے سیکرٹری جنرل حجتہ الاسلام عقیل حسین خان نے اُنہیں خوش آمدید کہا۔ ملاقات کے دوران مجلس وحدت مسلمین مشہد مقدس کے رہنما علامہ سید منور عباس نقوی، مولانا عارف حسین، سید آفتاب حیدر نقوی اور دیگر موجود تھے۔ مولانا عقیل حسین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی طرح مشہد مقدس میں بھی ایم ڈبلیو ایم پاکستانی طلاب اور زائرین کی خدمت کے علاوہ پاکستانی تشیع کی نمائندگی کر رہی ہے۔ بعدازاں اُنہوں نے دفتر مشہد مقدس کی کارکردگی بیان کی جسے سراہتے ہوئے علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس نے بہت کم عرصے میں اپنی خدمات اور کارکردگی کے ذریعے سے ایک مقام حاصل کیا ہے، اس موقع پر علامہ سید منور حسین نقوی نے ایم ڈبلیو ایم مشہد کی جانب سے شائع ہونے والے پندرہ روزہ اخبار کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔