وحدت نیوز(اسلام آباد )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے ماہ رمضان المبارک کی آمد پر مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک برکتوں ،رحمتوں اور مغفرت والا مہینہ ہے اور یہ ماہ بندگی استقامت صبر و تحمل کا درس دیتا ہے۔ اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ عبادات کر کے اللہ رب العزت کی ان نعمتوں اور رحمتوں سے مستفید ہونا چاہیے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ رمضان المبارک تمام مہینوں سے افضل ہے اس کو اللہ رب العزت نے اپنا مہینہ قرار دیا ہے ۔ اس ماہ کا ثواب تمام ماہ کے ثواب سے زیادہ ہے۔اس ماہ کی راتیں تمام ماہ کی راتوں سے افضل ہیں ۔ اس ماہ کی عبادات ہر ماہ کی عبادتوں سے افضل ہے۔ اس ماہ میں تقویٰ پرہیز گاری اور صبر وتحمل اپنایا جائے تو قرب خدا نصیب ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس بابرکت ماہ میں برائیوں سے اجتناب کیا جائے اور نیکیوں کو فروغ دیا جائے ۔انہوں نے مزید کہاکہ اس ماہ مبارک میں خدا کے ساتھ ساتھ اس کی پسندیدہ مخلوق کو بھی یاد رکھے اور مستضعف ومحروم افراد کی بھی مدد کو اپنا وظیفہ بنائیں ، عبادات اور تقویٰ کی طرف توجہ دی جائے ۔تاکہ تکمیل انسانیت کے مصداق بن کر خدا کی قربت کا نظارہ کرسکے ۔