وحدت نیوز(ہری پور) خیر العمل فاونڈیشن پاکستان کے مرکزی مسئول نثار فیضی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین آج پاکستان میں لوگوں کی امیدوں کا مرکز و محور بن چکی ہے۔ جس ملک میں قرآن و اہل بیت کے ماننے والے مضبوط ہوں گے اسکا فائدہ خطہ کے تمام لوگوں کو ہوگا۔ یہ بات حزب اللہ نے ثابت کر کے دکھا دی ہے۔ پاکستان کے دشمن آج ایک دفعہ پھر سے متحرک ہو چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں مسجد خدیجۃ الکبری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاان کا مذید کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان بنایا تھا ہم ہی اس کے استحکام کی ضمانت ہیں۔ گلگت بلتستان سے کراچی تک مجلس مستضعفین اور محرومین کے لئے نجات دہندہ ثابت ہوئی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سےملک کے مختلف علاقوں میں مساجد کے ساتھ ساتھ ہسپتال، ڈسپنسریاں، ٹیوب ویل، کنویں، فلٹر پلانٹس اور دیگر منصوبوں پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے۔ انشاء اللہ بہت جلد گلگت بلتستان کے عوام کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے دو کروڑ روپئے کی لاگت سے میگا پروجیکٹ پر بھی جلد کا م کا آغاز کیا جائے گا، عوام کی دلچسپی اور شمولیت سے ان منصوبوں میں اضافہ ہوگا۔