وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان و سابق چیئرمین بلدیہ گلگت محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ ایک طرف کرونا وائرس کی وجہ سے پورے جی بی میں لاک ڈاؤن ہے، مگر لاک ڈاؤن کی آڑ میں کرپشن اور من پسند لوگوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ روز محکمہ برقیات میں من پسند ٹھیکیداروں کو پری کرکے 43 کروڑ کا ٹھیکہ 64 کروڑ میں دیا گیا ہے جبکہ محکمہ ورکس میں بھی اسی طرح من پسند لوگوں کو نوازنے کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ چیف سیکرٹری صورتحال کا نوٹس لیں اور مذکورہ ٹھیکوں کے ٹینڈر کو منسوخ کریں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکمران فنڈز کمی کا رونا روتے ہیں تو دوسری طرف من پسند لوگوں کو نوازنے کیلئے کروڑوں کے ٹھیکے دیئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اپنی دو ماہ کی باقی مدت میں کرپشن کے ذریعے زیادہ سے زیادہ پیسے بٹورنے کے چکر میں ہیں، جبکہ عوام صحت کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے دوسرے اضلاع سے علاج کی غرض سے گلگت کا رخ کر رہے ہیں، گلگت کے ہسپتالوں کی حالت بھی انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گلگت شہر اور دیگر اضلاع کے ہسپتالوں کی حالت زار بہتر بنانے کی بجائے پلوں کا ٹینڈر کروا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہی نہیں بلکہ حکمران ترجیحات میں زیادہ زیادہ مال بنانا ہے۔