وحدت نیوز(لاہور) پشاور میں نماز جمعہ کے دوران جامع مسجد امامیہ میں ہونے والے خودکش حملے کیخلاف لاہور پریس کلب کے باہر مجلس وحدت مسلمین لاہور کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ حسن رضا ہمدانی نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں سید حسین زیدی، رائے ناصر علی، مولانا اسد نقوی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت اور خطاب کیا۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کیخلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے دہشتگردی کے واقعہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم پنجاب علامہ سید حسن رضا ہمدانی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لہر کا دوبارہ شروع ہونا لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ سکیورٹی اداروں کے انتظامات پر سوالیہ نشان ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت واقعہ کے زمہ داروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں نے ہمیشہ ملت جعفریہ کو ہی نشانہ بنایا ہے ۔ اس حوالے سے حکومت کو سکیورٹی کے سخت انتظامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی اس لہر کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔