وحدت نیوز(اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل پاکستان(کمیشنز) کا مشاورتی اجلاس مولانا ظہیر کربلائی کی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے وفد کے ہمراہ مشاورتی اجلاس میں شرکت
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے تمام کمشنز کا مشترکہ اجلاس کمشنز کوآرڈینیٹر علامہ عارف حسین واحدی کی زیر صدارت کونسل کےمرکزی دفتر جامعہ نعیمیہ اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں کمشنز کے بروقت اجلاس منعقد ہونے کے حوالہ سے اہم فیصلے کیے گئےاور یہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک پاکستان میں اتحاد و حدت ، ہم آہنگی اور امن و استحکام کے حوالہ سے ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے تمام کمشنزبھر پور کردار ادا کریں گے۔
ہر دوماہ میں ایک بار تمام کمشنزاپنا اجلاس منعقد کریں گے ، تمام علماء کرام و مشائخ عظام اور ائمہ جمعہ و جماعت کو خطابات کے لیے علمی مواد بھیجا جائے گا تا کہ پورے ملک میں ہر نماز جمعہ کے منبر سے مشترکہ آواز بلند کی جاسکے۔ متفقہ طور پر چند قراردادیں پیش کی گئیںجس میں غزہ و رفح اور کشمیر کے نہتے مسلمانوں پر ظلم کے خلاف اسرائیل اور انڈیا کی بھر پور مذمت کی گئی اور متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے او آئی سی اور تمام مسلم حکمرانوں کو متوجہ کیا گیاکہ ظلم اور بربریت پر امت مسلمہ آپ کے کردار کی طرف دیکھ رہی ہےاور عالمی انسانی حقو ق کے علمبردار اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر فلسطین کی نسل کشی کو رکوایا جائے۔
اجلاس میں پاکستان میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اور فرقہ واریت اور دہشت گردی کو روکنے کے لیے پاکستانی عوام کے اتحاد پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان ملک میں امن و استحکام پر کام کرنے کے لیے حسب سابق اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
اجلاس میں گندم بحران کے حوالے سے کہا گیا کہ گندم بحران کو حل کر کے کسانوں کی بے چینی کو دورکیا جائے اور آئے دن مہنگائی اور روزمرہ اشیاءکی گرانی سے لوگ بے چین ہیں وفاقی اور صوبائی حکومتیں عملی اقدامات کریں۔
اجلاس میں ڈاکٹر سید علی عباس نقوی، معاون کمیشن و ڈپٹی سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، چیر مین مرکزی علماء کونسل، علامہ ظہیر کربلائی کا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے وفد( جناب علامہ علی شیر انصاری ) کے ہمراہ مشاورتی اجلاس میں شرکت ،سید نثار علی ترمذی البصیرہ،مفتی عبدالباسط تحریک حرمت رسول ، اسراراحمد آفس سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے شرکت کی۔