وحدت نیوز(وزیر آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع وزیر آباد اور مقامی مومنین کے باہمی اشتراک سے شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی اور دیگر شہداء کی تجلیل اور تحریم کے لئے مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی وفد جس میں جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صوبائی صدر پنجاب ، جناب سید حسین زیدی صوبائی سیکرٹری سیاسیات پنجاب ، سید فصاحت علی بخاری صوبائی سیکرٹری مالیات پنجاب ، جناب عمران علی شیخ صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود نے شرکت کی اس کے علاؤہ وزیر آباد ضلع کے تنظیمی سابقہ اور موجودہ برادران نے بھرپور شرکت کی ۔صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب نے اپنے خطاب میں شہید رئیسی اور دیگر شہداء ایران جنہیں (شہدائے خدمت) کہا گیا کی زبردست تجلیل وتکریم کی اور ان کی شہادت کو انقلاب اسلامی ایران کی تقویت اور اسلام کی سربلندی سے تعبیر کیا ۔
انہوں نے اپنے خطاب میں شہید رئیسی کی خدمات کا تذکرہ کیا اور وزیر خارجہ امیر عبدالہیان کی پالیسیوں کو بھی بیان کیا ۔ صوبائی صدر پنجاب نے کہا کہ جب مغرب میں قرآن کی توہین کی جاری تھی اور عالم اسلام پر خاموشی تھی تو عین اس وقت شہید رئیسی نے اقوام متحدہ کے فورم پر قرآن کو ہاتھ میں لہرا کر بتا دیا قرآن کے محافظ موجود ہیں ۔ شہید رئیسی غزہ اور فلسطین کے مظلوموں کی بہت توانا اور مضبوط آواز تھے ۔ ان عزیزوں کی شہادت سے عالم اسلام کو بہت بڑا نقصان ہوا لیکن اللہ تعالیٰ قرآن مین ارشاد فرماتا ہے مَا نَنْسَخْ مِنْ آيَةٍ أَوْ نُنْسِهَا نَأْتِ بِخَيْرٍ مِنْهَا أَوْ مِثْلِهَا أَلَمْ تَعْلَمْ أَنَّ اللَّهَ عَلَى كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌاللہ تعالیٰ جب بھی کسی نشانی کو اٹھا لیتا ہے تو اس جیسی یا اس سے بہتر اس کی جگہ دوسری نشانی عطا فرمادیتا ہے اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے ۔آخر میں صوبائی صدر پنجاب نے برادر منتظر مھدی اور مبشر زیدی بھائی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اتنے کم وقت میں اس مجلس کا اہتمام کیا تھا ۔