وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کی کابینہ کا اجلاس ضلعی صدر سید احسن عباس رضوی کی زیر صدارت وحدت ہاؤس جعفرطیارسوسائٹی ملیر میں منعقد ہوا، ضلعی جنرل سیکریٹری کاچو نیاز علی خان نے اجلاس کی کارروائی انجام دی، ضلعی سینیئر نائب صدر مولانا گلزار شاہدی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی، اجلاس میں تربیتی امور، مالیاتی امور ، تنظیم سازی اور رمضان المبارک کے پروگرامات پر گفتگو ہوئی ۔
اراکین کابینہ کو ماہانہ چندہ پابندی کے ساتھ جمع کروانے اور معاونین بنانے کی تاکید کی گئی، نئے اور پرانے تمام یونٹس کی تنظیم نو اور ضلع بھر میں ممبر سازی مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا، ہفتہ وار تربیتی نشستوں ، دروس ، دعائیہ اجتماعات اور اسٹڈی سرکلز کے انعقاد کو ضلعی اور یونٹس سطح تک یقینی بنانے کا فیصلہ ہوا، ماہ مبارک رمضان میں تربیتی اور فلاحی برنامے پر بھی مشاورت کی گئی، جبکہ مزید تین نئے اراکین نے ضلعی کابینہ میں شمولیت کا حلف اٹھایا۔
نامزد اراکین میں ایم ڈبلیوایم کے بانی رکن سیدسجاد اکبرزیدی سیکریٹری امورتنظیم سازی، امام جمعہ والجماعت جامع مسجد حسینی جمعہ گوٹھ مولانا جاوید علی جعفری سیکریٹری امور تربیت اور ایڈوکیٹ سندھ ہائی کورٹ محمد جواد سیکریٹری امور قانون شامل ہیں، نئے نامزد اراکین کابینہ کو ضلعی نائب صدر مولانا بلاول فائزی ،ڈپٹی جنرل سیکریٹری ممتاز مہدی اور سیکریٹری امور عزاداری قیصرعباس زیدی نے پھولوں کے ہار پہناکر خوش آمدید کہا جبکہ ضلعی صدر سید احسن عباس رضوی نے ان سے عہدوں کا حلف لیا۔