وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے سانحہ عباس ٹاؤن کراچی کی ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ عباس ٹاؤن کراچی کی یاد آج دس برس گذرجانے کے بعد بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے،شہر قائد کی تاریخ کے اس بھیانک ترین سانحے نے پوری قوم کو ایک ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کیا، یہ سانحہ اپنی نوعیت کا ایک ایسا سنگین سانحہ تھا جس میں کئی ٹن دھماکہ خیز اور آتش گیر بارود ی مواد استعمال کیا گیا جس نے نا صرف عمارتوں کو تہس نہس کیا بلکہ انسانی اعضاء بھی دور دور تک بکھر گئے تھے۔ اہلیان کراچی نے سانحہ عباس ٹاؤن میں قیامت کا صغریٰ کا مشاہدہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ دس برس گذر جانے کے بعد بھی آج تک درجنوں بےگناہ شیعہ سنی شہریوں کے قاتل قانون کی گرفت سے آزاد ہیں یا کیفر کردار تک نا پہنچائے جاسکے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کیس کے حقائق منظر عام پر لائیں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کریں ۔