وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے، امپورٹڈ حکومت آئی ایم ایف کی ایماء پر مہنگائی کے بم گرا رہی ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہورہی ہیں اور عوام کیلئے دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ہے، عوام پاکستان کو مہنگائی اور غربت کا پیکیج دینے والوں کا محاسبہ کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں، حکمرانوں نے مہنگائی کو کم نہیں کیا تو عوام کو سڑکوں پر آنے سے کوئی روک نہیں سکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں وحدت ہاؤس انچولی میں پولٹیکل کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مولانا حیات عباس نجفی، علامہ صادق جعفری، زین عباس، سبط اصغر، کاظم عباس سیمت دیگر ارکین بھی موجود تھے۔
علامہ مبشر حسن نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لینے کیلئے عوام پر مہنگائی کے تابڑ توڑ حملے کا سلسلہ بند کیا جائے، حکمران عوام پر رحم کریں اور مہنگائی کو قابو کریں، آئی ایم ایف استحصالی ادارہ ہے جو پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہے، آئی ایم ایف غریب عوام دشمن پر مبنی پالیسیوں پر گامزن ہے اور پاکستان کے عوام کو بھوک وافلاس میں دھکیلنا چاہتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام سے مہنگائی کے ذریعے ان کا آخری نوالہ تک چھینا جارہا ہے، عوام کے مسائل حل نہ کرنیوالی حکومت زیادہ چل نہیں سکتی، حکمران ماضی سے سبق حاصل کریں، دعوؤں کا دور ختم ہوچکا اب عوام کو معاشی ریلیف دینا ہوگا، مہنگائی کو روکنے میں حکمران بے بس ہیں، ملک کو سیاسی و معاشی طور پر مستحکم بنانے کیلئے بیرونی پالیسیوں کو مسترد کرنا ہوگا، حکومت توانائی بحران کے خاتمے اور سستی بجلی فراہم کرنے کا وعدہ پورا کرے۔