سندھ کی صوبائی اور شہری حکومت عزاداران امام حسینؑ کو سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام نظر آرہی ہے، علامہ باقرعباس زیدی

20 July 2023

وحدت نیوز(کراچی )مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مہینے میں نواسہ پیغمبر اکرم (ص) جناب سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھ باوفا ساتھیوں اور آپ علیہ السلام کے اہل و عیال نے دین مبین اسلام کی بقاء کی خاطر وقت کے یزید فاسق و فاجر حکومت کے خلاف قیام کرتے ہوئے راہ خدا وندی میں اپنی اور اپنے اہل و عیال کے ہمراہ قربانی پیش کی تا کہ رسول اکرم (ص) کا تعارف کردہ اسلام انحرافات اور خرافات سے محفوظ رہ سکے۔محرم الحرام۱۴۴۵ ہجری کی آمد کے ساتھ دنیا بھرکے گوشہ و کنار میں نواسہ رسول اکرم (ص) سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ علیہ السلام کے با وفا ساتھیوں اور اہل و عیال کی قربانی کی یاد منانے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ، سرزمین پاکستان پر بھی دنیا بھر کی طرح عاشقان رسول (ص) نواسہ رسول (ص) کی شہادت اور آپ علیہ السلام کے باوفا اور جانثار ساتھیوں او ر اہل و عیال کی قربانی کی یاد منانے کے لئے آمادہ ہو چکے ہیں اور ملک بھر میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سید الشہداء کی یاد اور عزاداری کے اجتماعات کو حتمی شکل دے رہے ہیں تا کہ پیغمبر گرامی قدر حضرت محمد مصطفی (ص) اور خاتون جنت جناب سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کو ان کے فرزند ارجمند حضرت امام حسین علیہ السلام اور باوفاساتھیوں اور اہل و عیال کا پرسہ پیش کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی عاشقان مصطفی(ص) و عاشقان اہلبیت علیہم السلام قیام پاکستان سے قبل اور پاکستان کے قیام کے بعد سے سید الشہدا ء کی یاد مناتے آئے ہیں اور یہ سلسلہ پوری مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ کے ساتھ آج بھی جاری و ساری ہے۔لیکن افسو س کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ گذشتہ تین دہائیوں سے مملکت خدداد پاکستان میں ملک دشمن اور اسلام دشمن قوتیں جہاں مملکت کے خلاف سازشوں میں مصروف عمل ہیں وہاں عزاداری سید الشہداء کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنا کر سید الشہداء اور ان کے باوفا ساتھیو ں اور اہل و عیال کی اسلام کی خاطر پیش کی جانے والی عظیم قربانیوں کو فراموش کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے حکومت بھی ان دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں ناکام نظر آتی ہے سندھ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر کراچی سمیت اندرون سندھ تمام اضلاع میں عزاداری نواسہ رسول (ص) امام حسین علیہ السلام کے اجتماعات کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے ۔ہم وزیرا علیٰ سندھ اور شہر کراچی کی انتظامیہ سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر میں جگہ جگہ موجود کچرے کے ڈھیر اور سڑکوں پر بہتے گندے پانی کی صفائی کا فی الفور انتظام کیا جائے، حکومت سندھ اور شہری انتظامیہ کی جانب سے صفائی اور ستھرائی کے حوالے سے کئے گئے تمام تر اعلانات ابھی تک صرف اعلان ہی ہیں جبکہ عملی اقدامات انجام نہیں دئیے گئے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کی جانب سے ماہ محرم الحرام سے ایام عزاء کے آغاز کے سلسلہ میں عزاداری ونگ کا قیام برادر زین رضا رضوی کی سربراہی میں کر دیاہے ، جبکہ عزاداری ونگ کراچی کی ذمہ داری برادر رضی حیدر رضوی انجام دیں گےیہ عزاداری سیل شہر بھر میں عزاداری سے متعلق معاملات کی 24/7مانیٹرنگ کرے گا اور پولیس سمیت رینجرز اور دیگر اداروں کے ساتھ انتظامی معاملات میں بھی کو آرڈی نیشن قائم کرے گا ، کراچی میں قائم کئے گئے عزاداری سیل میں مولانا صادق جعفری،مولانشان حیدر،محمد رضا،حسن رضا،حیدر زیدی ،مولانا ملک عباس ،کاظم عباس ،زیشان حیدر،محمد عباس،معبر رضا،احسن عباس،کلیم رضا، قیصر جعفری،رضوان رضوی،وسیم عباس،میثم عباس،انعام حیدر،زیشان رضوی شامل ہیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree