وحدت نیوز: (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صدر علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ سابقہ حکمرانوں کی طرح نگران حکمران بھی صرف و صرف قوم کو لولی پاپ دے رہے ہیں، حکمرانوں کو ملک و قوم کی عزت اور تعمیروترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، مہنگائی کے سونامی اور عفریت نے قوم کو نگل لیا ہے، اگر مہنگائی کی موجودہ رفتار برقرار رہی تو خطرہ ہے کہ مہنگائی سے تنگ عوام اجتماعی خودکشیاں کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اثر براہ راست دیگر اشیاء ضروریہ کی اضافہ کا باعث بنتا ہے، سابقہ نا اہل حکومت کی ناقص پالیسیوں اور نگران حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ہے، حکمران IMF کے غلام بنے ہوئے ہیں، غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ایسی صورت میں پیٹرول کی قیمتوں میں مزید اضافہ سراسر ظلم ہے، روزانہ نگران حکومت کی نااہلی کا ایک نیا کارنامہ دیکھنے کو ملتا ہے، کبھی پتہ چلتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، کبھی بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ، کبھی روزمرہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور اب آٹے کی قیمت بھی عروج پر پہنچی ہوئی ہے، پیٹرولیم مصنوعات ودیگراشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔
علامہ باقر زیدی نے کہا کہ نگران حکومت بھی سابقہ حکومت کی طرح صرف زبانی جمع خرچ کررہی ہے اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے، نگران حکومت نے بھی ملک کو کرپشن مافیا، ذخیرہ اندوز اور مہنگائی مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے، مہنگائی کی شرح میں دن بدن اضافہ کا مطلب عوام سے جینے کا حق بھی چھیننا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی خون پسینے کی کمائی سے حکمران عیاشی کررہے ہیں، حکومت اگر ملک بچانا چاہتی ہے تو کرپشن کو ختم کرے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، نگران حکومت پیٹرول کی قیمتوں کی اضافے کے بجائے کمی کا اعلان کرے۔