وحدت نیوز:(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکریٹری سیاسیات سید علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ فرقہ واریت پھیلانے والے تمام عناصر دین کے بھی دشمن اور وطن کے بھی دشمن ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کیا ہم سب ارض پاک میں ایک دوسرے کے عقیدے کا احترام کرتے ہوئے امن و آتشی کے ساتھ نہیں رہ سکتے، کیا ایک دوسرے کو کافر مرتد مردود کہنے سے ہم دین کی کوئی بڑی خدمت کررہے ہیں یا وطن عزیز کی تعمیر وترقی کررہے ہیں۔
علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء کرام سے میں ہاتھ جوڑ کر گزارش کرتا ہوں کہ خدا کے لئے ایک دوسرے سے محبت و احترام کا درس دیں امت کو جوڑنے اور متحد ہونے کا درس دیں، دین محمدی ہمیں محبت و امن کا درس دیتا ہے، اسلام سلامتی کا دین ہے، خدا کے لئے تفریق اور تفرقہ کے درس دینے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں تاکہ وطن عزیز میں محبت امن اور رواداری کا ماحول فروغ پا سکے۔