وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر علامہ شیخ محمد صادق جعفری نے جامع مسجد حیدری اورنگی ٹاؤن کے باہر مجلس وحدت مسلمین ضلع غربی کی جانب سے اورنگی ٹاؤن میں بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، اورنگی ٹاؤن میں خستہ حال سڑکوں، پینے کے صاف پانی کی عدم فراہمی، سیوریج اور صفائی ستھرائی نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرے میں ڈویژنل رہنماء سید کلیم رضا، ضلع ویسٹ کے صدر میثم عباس، ضلعی کابینہ و یونٹ کے ذمہ داران اور عوام کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں علامہ صادق جعفری نے کہا کہ سندھ حکومت سیاسی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر کراچی سمیت صوبے بھر کی عوام کو درپیش بحرانوں اور مسائل کو حل کرنے کیلئے جدوجہد کریں، کراچی سمیت صوبے میں اس وقت پانی، لوڈشیڈنگ، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، صحت و صفائی ستھرائی کی تباہ کن صورتحال، بے روزگاری سمیت کئی بحرانوں اور مسائل کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی اور اسکی سندھ حکومت سے لیکر تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بحرانوں اور مسائل کو حل کرنے کے بجائے صرف سیاست کرتی نظر آ رہی ہیں ۔