وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے جمعہ 10 نومبر کو بھوجانی ہال میں منعقد ہونے والی مسئلہ فلسطین آل پارٹیز کانفرنس کی دعوتی مہم کا آغاز کردیا گیا، اے پی سی میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو مدعو کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارعلامہ مبشر حسن نے وحدت ہاوس میں ڈویژن کابینہ کے اجلاس سے گفتگوکرتے ہوے کہا کہ کہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا مقصد عالم اسلام کے مشترکہ مسئلہ یعنی مسئلہ فلسطین کے حق میں اور غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے خلاف، اور پاکستان سمیت عالم اسلام میں امریکی و صہیونی سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لئے تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو ایک چھتری تلے لانا ہے تاکہ فلسطین کے حق میں اور صہیونی و امریکی جنایت کاریوں کے خلاف پاکستان سے بھی ایک موثر آواز اٹھ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے پی سی کے حوالے سے دعوتی مہم کے پہلے مرحلہ میں مجلس وحدت مسلمین کراچی کے وفد نے ڈویژنل صدر کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے رہنما جناب مسلم پرویز سے ادارہ نور حق میں ملاقات کی ،قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور ان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں حضرات نےمجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کی جانے والی اس کاوش کو سراہتے ہوئے اپنی شرکت کی یقین دہانی بھی کروائی۔مزید سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں اور رابطے بھی جاری ہیں۔