وحدت نیوز(کراچی) شہاب حیدر کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہیں، کراچی میں مسلسل شیعہ افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، صوبائی حکومت کالعدم جماعتوں کے خلاف کراچی میں بھی فوجی آپریشن کرے، سندھ حکومت بتائے کہ 7 ماہ سے کن دہشتگردوں کے خلاف آپریشن چل رہا ہے، ملت جعفریہ کے قتل میں ملوث کسی دہشت گرد کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ علی انور جعفری نے ایم ڈبلیو ایم کے ہمدرد شہاب حیدر کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سے شاہراہ پاکستان روڈ تک نکالی گئی احتجاجی ریلی کے شرکاء سے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی کرنا چھوڑ دیں اور ان دہشتگروں کے خلاف خالی زبانی جمع خرچ سے کام نہ چلائیں بلکہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ علامہ علی انور جعفری نے کہا کہ کراچی کی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ شیعہ افراد کے قتل میں کالعدم گروہ ملوث ہے، صوبائی حکومت کے چھ سالہ دور میں کالعدم دہشت گردوں کو حکومتی سرپرستی میں تحفظ فراہم کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے ادارے امن مارچ اور سب اچھا ہے کے گن گا رہے ہیں تو دوسری جانب دہشتگرد کریکر دھماکے اور خودکش حملے کر رہے ہیں اور شہر میں بسنے والے عوام کو آزادانہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
علامہ علی انور جعفری نے مزید کہا کہ علماء کرام، اکابرین، ڈاکٹرز، وکلاء اور تاجروں سمیت عمائدین کو بھی مسلسل کالعدم جماعتوں کی جانب سے قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، حکومت کی ناہلی کی وجہ سے کوئی محفوظ نہیں رہا، اب شہر قائد میں عوام اپنے آپ کو مکمل غیر محفوظ سمجھتی ہے، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اسی نااہلی کی وجہ سے شہر قائد میں بسنے والے بہت سے ڈاکٹرز، وکلاء اور تاجروں نے ہجرت شروع کردی ہے، جس سے ملکی معیشت کو شدید نقصان ہو رہا ہے، اگر حکومت نے ان تکفیری کالعدم جماعتوں کی پشت پناہی نہ چھوڑی تو شہر قائد میں صرف دہشتگروں کی حکمرانی ہوگی۔ رہنماؤں نے گورنر اور صوبائی وزیراعلٰی سے مطالبہ کیا کہ وہ شیعہ افراد کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کریں اور ان دہشتگردوں کے منظم نیٹ ورک کو توڑنے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں، دہشتگردوں کے خلاف فوری فوجی آپریشن کیا جائے، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود کالعدم طالبان نواز افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف فوری نوٹس لیا جائے اور صوبائی حکومت مظلوم عوام کی ٹارگٹ کلنگ پر اعلٰی تحقیقاتی کمیشن قائم کرے۔