وحدت نیوز (ڈیرہ اسماعیل خان) شہدائے سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان کے چہلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم صوبہ خیبر پختون خواہ کے صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود علامہ ارشاد حسین نے کہا کہ ہمارا دشمن جان لے کہ ہم شہادتوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں بلکہ ہم شہادت کو سعادت سمجھتے ہیں اور شہداء کے لہو سے ہماری قوم مضبوط تر ہوتی ہے۔ سنٹرل جیل ڈیرہ میں مومنین کو صرف اس جرم میں مارا گیا کہ وہ ولایت علی ابن ابیطالب (ع) پر یقین رکھتے تھے۔ شہداء نے اپنے سینوں پر گولیاں کھا کر اپنا فرض پورا کر دیا۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ شہداء کے خون سے وفاداری کا ثبوت دیتے ہوئے مشن شہداء کوپورا کریں۔ ہم شہیدوں کے خون کے وارث ہیں، ہم حکومت سے سوال کرتے ہیں کہ ڈیرہ اسماعیل خان جیل میں اختر عباس اور ان کے ساتھیوں کو کس جرم میں قتل کیا گیا، حکومت ہمیں اس خون کا قصاص دے۔