وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی باچا خان مرکز پشاورمیں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین سے ملاقات۔ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے وفد کی قیادت مرکزی سیکرٹری سیاسیات اورمشیر حکومت پنجاب برائے بین المذاہب ہم آہنگی سید اسد عباس نقوی کر رہے تھے ۔
ملاقات میں ملک کودرپیش مسائل اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم سید اسد عباس نقوی نے کہا کہ مشکل معاشی صورت حال سے نکلنے کے لئے ہر طبقہ فکر کو ملکر کوشش کرنا ہوگی ۔اس وقت خطے کی صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے ۔ سیاسی جماعتو ں کو ملکی مفاد کے لئے ملکر کر پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کرنی ہو گی ۔
مرکزی رہنما اے این پی میاں افتخار حسین نے ایم ڈبلیو ایم وفدکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ہمیشہ بین مسالک ہم آہنگی اور امن کے فروغ سمیت دہشت گردی کے خلاف واضح موقف اپنایا بلکہ اس حوالے سے اپنا کردار بھی ادا کیا۔ اے این پی نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنے کارکنان سمیت اہم رہنماؤں کی قربانیا ں دی ہیں ۔ جس طرح پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے عفریت کا مقابلہ کیا ہے اسکی مثال نہیں ملتی ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اے این پی اپنا کردار ادا کرتی رہے گی ۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو باچا خان مرکزکا دورہ بھی کروایاگیا ۔ ایم ڈبلیوایم وفد میں مولانا ظہیر الحسن کربلائی ،ارشاد حسین بنگش بھی موجود تھے ۔