وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ اقبال بہشتی نے سانحہ مستونگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی اور مرکزی حکومتیں اگر عوام کو تحفظ نہیں دے سکتیں تو فوری طور پر اقتدار سے الگ ہوجائیں۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر بے گناہ ہزارہ شیعہ کو نشانہ بنایا جانا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ یہاں جنگل کا قانون ہے، حکمرانوں کو عوام کے تحفظ سے کوئی سروکار نہیں، وہ محض اپنے اقتدار کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ کے ہزارہ اہل تشیع کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے بلوچستان حکومت ہنگامی اقدامات کرے، جب تک دہشتگردوں کو نست و نابود نہیں کردیا جاتا اس وقت تک ملک میں امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔