وحدت نیوزّ(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ جہانزیب جعفری نے صدائے مظلومین پاراچنار کے رہنماؤں پر ایف آئی ار کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے کی پاداش میں مقدمات قائم کرنا آمرانہ طرز عمل ہے۔ایک جمہوری معاشرہ ایسے کسی اقدام کی قطعاً اجازت نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ ظلم وجبر کے حربوں سے حق سچ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پارا چنار انتظامیہ کی غفلت کے باعث شورکی مسجد و امام بارگاہ کی تباہی کا المناک سانحہ رونما ہوا۔اپنی ناہلی چھپانے کے لیے ملت تشیع کو نشانہ بنایا جانا اپنےاختیارات سے تجاوز کی بدترین مثال ہے۔
انہوں نے پاراچنار کے مذہبی رہنماؤں مولانا مزمل حسین، شبیر ساجدی، شفیق طوری، حشمت طوری اور مجاہد طوری کوایف آئی آر میں نامزد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے رپورٹ کو فوری طور پر کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں ہم خاموش نہیں رہیں گے۔اگر ہمارا مطالبہ نہ مانا گیا تو ذمہ دارن کے خلاف ہر طرح کی قانونی و آئینی چارہ جوئی کی جائے گی۔