وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید وحید کاظمی نے کہا ہے کہ کوہاٹ میں شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا تسلسل وطن عزیز کو کسی نئی آزمائش میں جھونکنے کی سازش ہے۔شیعہ نسل کشی کی تازہ لہر کالعدم تکفیری جماعتوں کی فعالیت کی نشاندہی کر رہی ہے۔ اگر حالات کی سنگینی کا بروقت درک نہ کیا گیا تو پوری قوم کو بھیانک نتائج کا سامنا کرنا پڑ جائے گا۔قوم نے دہشت گردی کے خلاف جو جنگ ستر ہزار جانوں کی قربانی دے کر جیتی ہے اسے رائیگاں نہ جانے دیا جائے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں میں شیعہ نوجوانوں کو نشانہ بنا کر فرقہ واریت کے فروغ کے لیے فضا ہموار کرنے کی کوشش طاغوت کا ایجنڈا ہے۔عالم استکباری طاقتیں ہمارے نبی کریم اور قران پاک کی سر عام توہین کی جسارت کرتے ہیں لیکن ہماری مذہبی جماعتیں عالم اسلام کے مشترکہ دشمنوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی بجائے اپنے مسلمانوں کے خلاف چیخ و پکار کر کے وطن عزیز کے امن و تباہ کر رہی ہیں، شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی تازہ لہر کے محرک وہ نام نہاد علما ءہیں جو مذہبی منافرت کی آگ لگانے میں مصروف ہیں ۔
انہوں نے کہا شیعہ قوم مدبر، بابصیرت اورحکیمانہ سوچ کی مالک اور افہام وتفہیم کی قائل ہے۔تاہم یہ امر قطعاً قابل قبول نہیں کہ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری سمجھا جائے۔انہوں نے قومی سلامتی کے ذمہ دار ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کیا شیعہ نسل کشی کے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ ملک میں امن قائم ہو۔