وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے فرانس کے صدر ایمانوئیل کی اسلام دشمنی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالم اسلام کے خلاف یہود و نصاری کی بڑھتی ہوئی شر انگیزی بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے شدید خطرہ ہے۔ کسی بھی مذہب یا اس کے مقدسات کی توہین کرنے والے فکری دہشت گرد ہیں ان کے خلاف عالمی قانون کے تحت کاروائی ہونی چاہیئے ۔
انہوں نے کہا کہ بنی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس ہمیں اپنی جان، مال اور اولاد سے بڑھ کر عزیز ہے۔ختمی مرتبت ص کی شان میں کسی بھی قسم کی گستاخی ناقابل برداشت اور گھناؤنا فعل ہے۔فرانس کے صدر کی اس غلیظ حرکت پر پوری امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے۔تمام مسلمان ممالک کو چاہیے کہ وہ فرانس سے سفارتی وتجارتی روابط کے خاتمے کا اعلان کر کے اپنے نبی ص کی ذات مقدسہ سے محبت کا عملی اظہار کریں۔
فرانس کے صدر کے خلاف عالمی سطح پر شدید ترین ردعمل امت مسلمہ کی غیرت کا تقاضہ ہیں۔عالمی اسلامی تنظیمیں اور اقوام متحدہ سمیت دیگر بین الااقوامی ادارے فرانس کے صدر کو عالمی امن کا دشمن قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف قانونی اقدامات کریں تاکہ آئندہ کسی کو بھی ایسی گستاخانہ حرکت کرنے کی جرات نہ ہو۔