وحدت نیوز(پشاور)مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صدر علامہ سید وحید عباس کاظمی نے قبائلی ضلع کرم میں بی بی سکینہ بنت امام حسین علیہ السلام اور امام خمینی (رھ) کی شان میں گستاخی کرنے والے بدبخت و ملعون شخص کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی فوری گرفتاری اور توہین اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پشاور سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شدت پسند تکفیری عناصر ارض پاک کے امن کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں، اہلبیتؑ کی توہین کرنے والے اسلام کے دشمن اور ریاست کے بدترین مجرم ہیں۔ ایسے عناصر جو ملک میں تفرقہ بازی کی آگ بھڑکانا چاہتے ہیں ان کے ساتھ معمولی سی رعایت ملک و قوم کے ساتھ دشمنی ہو گی۔ ایسے گستاخوں کو کیفر کردار تک پہچانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکتب اہلبیتؑ پر حملہ اور مدافعان اسلام کو تضحیک کا نشانہ بنایا جانا ناقابل برداشت ہے، اگر حکومت اور متعلقہ اداروں نے اس معاملہ پر فوری کارروائی نہ کی تو ملت جعفریہ بھرپور احتجاج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کرم ایک حساس علاقہ ہے، وہاں کے امن کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ اس ملعون نے گستاخی اور تکفیر کی وڈیو شیئر کر رکھی ہے، اس شرپسندی کے نتائج خوفناک ہوسکتے ہیں، یہ فرقہ واریت پھیلانے کی سازش ناقابل قبول ہے۔ اگر انتظامیہ علاقے میں حالات خراب ہونے کے خدشات کا خاتمہ چاہتی ہے تو واقعہ کے ذمہ دار شخص کو فی الفور گرفتار کرکے کڑی سزا دی جائے۔