وحدت نیوز(پشاور)چار سدہ ڈھیری زرداد پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور شہید ہونے والے اہلکاروں کی فیملیز سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صدر علامہ جہانزیب جعفری نے میڈیا سیل کو جاری اپنے ایک بیان میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک وملت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور انکی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پولیس کے جوان کسی بھی معاشرے کے پائیدار امن کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں جن کی بدولت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاتا ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ سماجی ڈھانچہ جن کے مرہون منت محفوظ سمجھا جاتا ہے آج ان محافظوں پر ہے در پے حملے ہو رہے ہیں لیکن سیکورٹی اداروں کی جانب سے کوئی مربوط اور منظم حکمت عملی اختیار نہیں کی جا رہی۔جب تک واضح بیانیے اور آہنی ہاتھوں کے ساتھ دہشت گردوں کے سروں کچلا نہیں جائے گا حالات بہتر نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور معاشی زبوں حالی کے ساتھ ہی آمن و اماں کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے صرف خیبر پختونخواہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے پانچ واقعات ہو چکے ہیں جن میں نہ صرف پولیس اہلکار شامل ہیں بلکہ عام شہری بھی اپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور یہ حملے ممبرز قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز ،وکلاء پر بھی کیئے گئے ہیں لیکن ریاستی اداروں کی تسلسل کے ساتھ ہونے والےحملوں کو روکنے میں ناکامی ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے نہتے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔