وحدت نیوز(پشاور) شبیر حسین ساجدی صوبائی جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین خیبرپختونخواہ نے پشاور خود کش دھماکے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرصے سے عوام چیخ رہی ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کو ایک بار پھر سازش کے تحت تختہ مشق بنایا جارہا ہے ۔ ریاستی ادارے ناکام ہوتے جارہے ہیں یا مذموم سازش کا حصہ بنتے جارہے ہیں ۔ خیبر پختون خواہ پولیس کو ناکام بنایا جارہا ہے جس سے عوام کے اندر بے چینی اور عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور مسجد خود کش دھماکہ ظلم کی انتہا ہے ۔ بے گناہ نمازیوں کا خون دہشت گردوں کیلیے نابودی کا باعث بنے گا۔ سیکیورٹی فورسز اور ادارے سنجیدہ ہوتے اور کما حقہ ذمہ داری پوری کرتے تو اج اس صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ مقتدرہ حلقے ملک کے اندر بڑھتی ہوئی انتہا پسندی دہشت گردی اور خون خرابے پر قابو پانے کیلیے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ دہشتگرد قاتل پولیس لائینز جیسے حساس مقام پر خودکش دھماکہ کرسکتے ہیں ۔ باقی شاہراہیں سکول کالجز یونیورسٹیز مساجد امام بارگاہیں مسجد مندر اور بازار کیسے محفوظ ہونگے ۔ صوبایی جنرل سیکرٹری نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ دہشت گردی کی اس ظالمانہ لہر کا مقابلہ کرنے لیئے متحد ہو جاییں۔ اور سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کردار ادا کرتے ہوئے کے پی کے کو دہشت گردی کے چنگل سے ازاد کروائیں۔ ریاست کو چاہیے کہ وہ عوام کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے اور دہشت گردوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔